دبئی ( پاک ترک نیوز) ایشیا کپ 2025 کا فائنل معرکہ کل دبئی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اس بڑے مقابلے سے قبل روایتی ماحول سے ہٹ کر کچھ غیر معمولی صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے، اس بار فائنل سے پہلے دونوں کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ نہیں ہورہا۔
منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کے روز کوئی فوٹو سیشن نہیں ہوگا اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ اتوار کو فائنل سے قبل کیا جائے گا۔
بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے دوران پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا اور اسی رویئے کے فائنل میں بھی دہرائے جانے کا امکان ہے۔
ایسی صورتحال دکھائی دے رہی ہے کہ ممکن ہے کہ ٹرافی کے ساتھ دونوں کپتان تصویریں نہ بنوائیں۔ قومی ٹیم کے کپتان آج رات پاکستانی وقت کے مطابق سات بجے پریس کانفرنس کریں گے۔
کرکٹ کے شائقین اس ہائی وولٹیج مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں تاہم میدان سے باہر کشیدگی نے ماحول کو مزید سنجیدہ بنا دیا ہے۔ بھارت میچ جیت کر ہیٹ ٹرک کرنا چاہتا ہے تو پاکستان میچ جیت کر بھارتی فتح کا تسلسل توڑنا چاہتا ہے۔












