کراچی(پاک ترک نیوز) جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں چار مقامات پر دھرنے دیئے ،،لاہور ،کراچی ، پشاو ر میں احتجاج کیا گیا ،لاہور میں حافظ نعیم نے خطاب میں اعلان کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہےگا
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی زبردستی کا بھتہ اور جگا ٹیکس ہے، حکومت پٹرول کی قیمت کے ساتھ ٹیکس بھی بڑھا دیتی ہے، حکمران عیاشیاں ختم کریں پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور دیگر مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا، حکومت نے راستہ روکنے کی کوشش کی تو دھرنا ’’حکومت گراؤ تحریک‘‘ میں تبدیل ہو جائے گا۔ شہباز شریف اور مریم نواز کی گورننس ناکام ہوچکی، حکمرانوں نے پورے نظام کو تہس نہس کر دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ پٹرولیم لیوی لگانا آئی ایم ایف کی شرط ہے، لیکن حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرنے کو تیار نہیں، عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے حکمران اپنے اخراجات کم کریں اور مراعات یافتہ طبقے سے ٹیکس وصول کریں۔ پٹرول 225 روپے فی لٹر کیا جائے اور پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، ہم اپنے مطالبات منوانے کے لیے بیٹھے ہیں اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حکمرانوں کے پیچھے ہٹنے تک دھرنا جاری رہے گا اور جدوجہد جاری رہے گی۔











